بنگلورو،16/اپریل(ایس او نیوز)کرناٹک میں کورونا متاثرین کی تعداد15ہزار کے قریب تک پہنچ چکی ہے۔ دن بہ دن کرناٹک میں کیسوں کی تعداد میں اضافہ اس بات کی طرف اشارہ کر رہا ہے کہ حکومت کی طرف سے کوئی نہ کوئی سخت قدم اٹھایا جا سکتا ہے۔
کرناٹک میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ جمعرات کے روز ریکارڈ تعداد میں ہوا۔ 14738نئے متاثرین کی نشاندہی کی گئی ہے۔کرناٹک میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ کا اب تک کا یہ سب سے بڑااضافہ ہے۔
گزشتہ سال کے دوران بھی اتنی بڑی تعداد میں نئے متاثرین کا اضافہ نہیں ہوا۔ شہر بنگلورو میں متاثرین کی تعداد بھی غیر معمولی طورپر بڑھی ہے۔ شہر میں 10497تازہ کیسوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔بنگلورو میں اس وباء سے 30لوگوں کی موت ہوئی ہے۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 3591/افراد کورونا سے صحت یاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہوئے ہیں جبکہ 555/افراد آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔بنگلورومیں جس رفتار سے کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے اس صورتحال سے نپٹنے کیلئے شہر کے سرکاری اسپتالوں میں ان کے علاج کیلئے بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر نے بتایا کہ شہر کے وکٹوریہ اسپتال میں فی الوقت 300کووڈ بستر دستیاب ہیں ان کو آنے والے دو دنوں میں بڑھا کر 500کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔بورنگ اسپتال میں 300، براڈوے روڈ کے چرکا اسپتال میں 150حاجی سراسماعیل سیٹھ گوشہ اسپتال میں 100بستر، کے سی جنرل اسپتال میں 100بستر صرف کورونا مریضو ں کیلئے مختص کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نجی اسپتالوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کورونا متاثرین کیلئے بستر مختص کریں۔دو ہفتو ں سے بعض اسپتالوں نے 15تا20فیصد بستر کورونا مریضوں کیلئے مہیا کروائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں نے اگرکورونا مریضوں کو بستر مہیا کروانے سے انکار کیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں اور کارپوریٹ اسپتالوں میں بھی کووڈ کیئر سنٹر کھولنے کے بارے میں غورکیا جا رہا ہے۔